ملک بھر میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے نتیجے میں کراچی، پشاور، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں قیمتیں 300 روپے تک بڑھ گئی ہیں۔ کراچی میں چکن کی قیمت 740 سے 800 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
کراچی میں ایک ہفتے کے اندر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 300 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث شہر میں مرغی کا گوشت 740 سے 800 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
حکومت کی جانب سے زندہ مرغی کی سرکاری قیمت 410 روپے مقرر کی گئی ہے، لیکن ہول سیل مارکیٹ میں زندہ مرغی 480 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح، انڈوں کی سرکاری قیمت 300 روپے ہے، مگر فی درجن انڈے 380 روپے میں دستیاب ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مرغی کے گوشت کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے سردیوں میں یخنی بنانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ مرغی فروشوں کا موقف ہے کہ انہیں مہنگا مال مل رہا ہے، جس کی وجہ سے وہ سستے داموں فروخت نہیں کر سکتے۔
دوسری جانب، پشاور میں بھی مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے، جہاں زندہ مرغی کی قیمت میں 10 دن کے اندر فی کلو 150 روپے کا اضافہ ہو کر 510 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
راولپنڈی میں زندہ برائلر مرغی کی قیمت 200 روپے سے بڑھ کر 480 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ مرغی کے گوشت کی قیمت 500 روپے سے بڑھ کر 750 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔





















