دنیا کی 10 سب سے طاقتور فضائی افواج میں پاکستان شامل

سب سے مضبوط فضائیہ امریکا کی ہے، دوسرے نمبر پر روس اور تیسرے نمبر پر چین موجود ہے

کراچی:کسی بھی ملک کے دفاع کے لیے مضبوط بری، بحری اور فضائی افواج کا ہونا ضروری ہے۔

ایک ویب سائٹ نے دنیا کی 10 سب سے طاقتور فضائی افواج کی فہرست جاری کی ہے، جس میں ان کے پاس موجود جنگی طیاروں، ہیلی کاپٹرز اور دیگر امدادی جہازوں کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

اس فہرست کے مطابق دنیا کی سب سے مضبوط فضائیہ امریکا کی ہے، دوسرے نمبر پر روس اور تیسرے نمبر پر چین موجود ہے۔ بھارت کا چوتھا، جنوبی کوریا کا پانچواں، جاپان کا چھٹا، جبکہ پاکستان اس فہرست میں ساتویں نمبر پر ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مصر دنیا کی آٹھویں طاقتور ترین فضائیہ رکھنے والا ملک بن گیا ہے، جس کی پوزیشن پہلے سے بہتر ہوئی ہے۔ اس کے بعد ترکیہ کا نوواں اور فرانس کا دسواں نمبر ہے۔

امریکی فضائی طاقت اتنی مضبوط ہے کہ روس، چین، بھارت، جنوبی کوریا اور جاپان کی مشترکہ افواج سے بھی زیادہ ہے۔ امریکا کے پاس 5737 ہیلی کاپٹرز، 1854 جنگی طیارے اور 3722 امدادی جہاز موجود ہیں۔ امریکی فضائیہ کا سالانہ بجٹ 800 ارب ڈالر ہے، جو دنیا کے کل فوجی اخراجات کا تقریباً 40 فیصد بنتا ہے۔

روس کے پاس امریکا کی فضائی طاقت کا تقریباً ایک تہائی حصہ ہے، جس میں 1554 ہیلی کاپٹرز، 809 لڑاکا طیارے اور 610 معاون طیارے شامل ہیں۔ تاہم یوکرین جنگ کے دوران روس کے 220 طیارے تباہ ہوچکے ہیں۔

چین اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے اور اپنی فضائی طاقت میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ حال ہی میں چین نے اپنے بیڑے میں جدید صلاحیتوں کے حامل چھٹے لڑاکا جیٹ کو شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، جو سپر سونک رفتار اور زیادہ لوڈ اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

چین ہوا کی رفتار سے تیز لڑاکا طیارے بنانے پر بھی کام کر رہا ہے۔

بھارت کے پاس 2296 جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹرز ہیں، جنوبی کوریا کے پاس 1576، جاپان کے پاس 1459، جبکہ پاکستان کے پاس 1434 جنگی جہاز اور ہیلی کاپٹر موجود ہیں۔

اس کے علاوہ مصر، ترکیہ اور فرانس کے پاس بالترتیب 1080، 1069 اور 972 طیارے، ہیلی کاپٹرز اور امدادی جہاز شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین