پارلیمانی رپورٹرز نے مولانا فضل الرحمان کے ذریعے صدر مملکت سے رابطہ کیا، وزیر داخلہ اور صحافتی تنظیموں کی جلد ملاقات متوقع
اسلام آباد:پیکا ایکٹ میں مجوزہ ترامیم کے خلاف صحافیوں کے احتجاج کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس بل پر دستخط روک دیے، جب تک کہ صحافیوں کو اعتماد میں نہ لیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق، پیکا ایکٹ میں ترامیم کے خلاف پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے) نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ذریعے صدر مملکت تک اپنی تشویش پہنچائی۔ مولانا فضل الرحمان نے صحافیوں کے تحفظات صدر تک پہنچائے، جس پر صدر نے فوری طور پر بل پر دستخط نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق، مولانا فضل الرحمان نے پارلیمانی رپورٹرز کو صدر مملکت سے رابطے اور بل روکنے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
اس حوالے سے یہ بھی اطلاعات ہیں کہ پیکا ایکٹ پر دستخط سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی اور صحافی برادری کے درمیان ملاقات کی تجویز زیر غور ہے، اور یہ ملاقات جلد متوقع ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے درخواست کی تھی کہ وہ صدر مملکت سے اس معاملے پر بات کریں۔