مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا،پائلٹ سمیت تمام ہلاک

یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک چھوٹا مسافر بردار طیارہ یونالاکلیٹ سے نوم کے درمیان سفر کر رہا تھا

الاسکا:امریکا کی ریاست الاسکا میں ایک چھوٹا مسافر طیارہ پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 10 افراد ہلاک ہوگئے۔ خراب موسم اور دشوار گزار راستوں کی وجہ سے الاسکا میں طیارہ حادثات کی شرح دیگر ریاستوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ اس ریاست میں زیادہ تر سفری سہولیات کے لیے چھوٹے طیارے استعمال کیے جاتے ہیں کیونکہ کئی علاقوں تک سڑکیں نہیں پہنچتیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک چھوٹا مسافر بردار طیارہ یونالاکلیٹ سے نوم کے درمیان سفر کر رہا تھا۔ امریکی کوسٹ گارڈ کے ترجمان کے مطابق امدادی ٹیمیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے طیارے کی تلاش کر رہی تھیں کہ انہیں ملبہ نظر آیا۔ اس موقع پر دو ریسکیو اہلکاروں کو تحقیقات کے لیے نیچے اتارا گیا۔
الاسکا کے محکمہ برائے عوامی تحفظ کے مطابق، بیرنگ ایئر کی ملکیت ایک سنگل انجن ٹربوپروپ طیارہ جمعرات کی سہ پہر یونالاکلیٹ سے روانہ ہوا تھا۔ اس میں 9 مسافر اور ایک پائلٹ سوار تھے۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ رڈار24 کے مطابق طیارہ پرواز کے 38 منٹ بعد کنٹرول ٹاور سے رابطہ کھو بیٹھا تھا، جس کے بعد امدادی ٹیموں کو حرکت میں لایا گیا۔ ریاستی حکام نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ایک چھوٹا ٹربوپروپ سیسنا کیراؤین طیارہ لاپتا ہوگیا تھا۔
یہ طیارہ بیرنگ ایئر کمپنی کے زیر استعمال تھا، جو تقریباً 39 طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔ الاسکا میں دیگر امریکی ریاستوں کے مقابلے میں ایئر ٹیکسی اور چھوٹے طیارے زیادہ استعمال کیے جاتے ہیں کیونکہ کئی دور دراز علاقوں تک سڑکیں نہیں جاتیں، جس کی وجہ سے لوگوں اور سامان کی نقل و حرکت کے لیے ہوائی سفر کا سہارا لیا جاتا ہے۔
اس ریاست میں طیارہ حادثات کی شرح بھی زیادہ ہے، جس کی بنیادی وجوہات میں پہاڑی علاقے اور تیزی سے بدلتے موسم شامل ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین