نئی دہلی:نئی دہلی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے تاریخی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ پارٹی نے 70 میں سے 47 سے زائد نشستیں جیت کر 27 سال بعد دہلی میں حکومت بنانے کی راہ ہموار کرلی۔
اس انتخابات میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کو شدید دھچکا لگا۔ 2015 سے دہلی میں برسراقتدار اروند کیجریوال نہ صرف اپنی روایتی نشست ہار گئے بلکہ ان کی جماعت صرف 23 نشستیں حاصل کر سکی۔ دوسری طرف، راہول گاندھی کی جماعت کانگریس ایک بھی نشست نہ جیت سکی اور مکمل طور پر ناکام رہی۔
عام آدمی پارٹی کے کئی بڑے چہرے انتخابات میں شکست سے دوچار ہوئے۔ سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اپنی نئی دہلی سیٹ سے ہار گئے، جبکہ سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا بھی جنگ پورہ سے الیکشن ہار گئے۔ اس کے علاوہ، عام آدمی پارٹی کے دیگر کئی اہم رہنما بھی اپنی نشستیں بچانے میں ناکام رہے۔
انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ 60.42 فیصد رہا، جو 2020 کے مقابلے میں کم تھا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق بی جے پی کی یہ کامیابی دہلی کی سیاست میں ایک بڑا موڑ ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ گزشتہ کئی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو برتری حاصل رہی تھی، مگر اس بار بی جے پی نے واضح برتری کے ساتھ میدان مار لیا۔