اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ریڈ زون کے دو اہم داخلی و خارجی راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ مزید معلومات کے لیے ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز دستیاب ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 08 مارچ 2025ء کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ریڈ زون کے دو داخلی و خارجی راستے عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔ ایکسپریس چوک اور سرینہ ہوٹل کے داخلی و خارجی راستے تاحکم ثانی ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شہری متبادل راستے استعمال کر سکتے ہیں، جن میں نادرا چوک، میریٹ روڈ اور مارگلہ روڈ شامل ہیں۔ اسی طرح کلب روڈ سے ریڈ زون جانے والے افراد کے لیے سیونتھ ایونیو استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو سہولت دینے کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1915 جاری کیا ہے، جبکہ مزید معلومات کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔





















