اداکارہ زارا نور عباس کو پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری پر تنقید کرنا مہنگا پڑ گیا۔ ان کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل دیا اور انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق مشہور اداکارہ زارا نور عباس نے حال ہی میں ایک پروگرام میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا، جس پر انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
زارا نور عباس کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری اتنی چھوٹی ہے کہ اسے انڈسٹری کے بجائے کمیونٹی کہا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں چند لوگ آپس میں بیٹھ کر ڈرامے بنانے کا فیصلہ کر لیتے ہیں، جبکہ ایک حقیقی انڈسٹری وہ ہوتی ہے جہاں فنکاروں کی عزت کی جائے اور ان کے کام کو سراہا جائے۔
ان کی اس رائے پر پروگرام کے میزبان دانش تیمور نے اختلاف کیا اور کہا کہ پاکستانی انڈسٹری نے محدود وسائل کے باوجود گزشتہ چند سالوں میں شاندار ترقی کی ہے۔
زارا نور عباس اور دانش تیمور کے اس مکالمے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد صارفین نے اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ بہت سے لوگوں نے ان کی باتوں کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خود اداکاری نہیں آتی، اس لیے وہ انڈسٹری پر تنقید کر رہی ہیں۔
زارا کے بیان پر مداحوں اور انڈسٹری کے حامیوں کا ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، تاہم ان کی گفتگو نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔





















