لاہور:10 ممالک پر مشتمل معاشی تعاون تنظیم (Economic Cooperation Organization – ECO) نے سال 2027ء کے لیے لاہور کو "ای سی او ٹورازم کیپٹل” نامزد کردیا ہے، جو کہ پاکستان اور بالخصوص صوبہ پنجاب کے لیے ایک بڑا عالمی اعزاز ہے۔
اس سلسلے میں ای سی او کا 25 رکنی اعلیٰ سطحی وفد 13 اپریل سے لاہور کا دورہ شروع کرے گا۔ وفد کے ارکان اپنے قیام کے دوران لاہور کو باضابطہ طور پر "ای سی او سیاحتی دارالحکومت” قرار دینے کا اعلان کریں گے۔ یہ وفد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی دعوت پر پاکستان آرہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ازبکستان کے شہرِ سبز (Shahrisabz) کو یہ اعزاز حاصل ہو چکا ہے جبکہ ترکیہ کے مشرقی اناطولیہ ریجن کے شہر ارزُورم (Erzurum) کو 2025ء کے لیے "ای سی او ٹورازم کیپٹل” منتخب کیا گیا ہے۔
ای سی او میں ترکیہ، ایران، افغانستان، پاکستان، آذربائیجان، قزاقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ تنظیم ہر سال اپنے رکن ممالک میں سے کسی ایک شہر کو اس منفرد اعزاز کے لیے چنتی ہے، جس کا مقصد خطے کے ثقافتی ورثے اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
لاہور کو یہ اعزاز اس کی بھرپور تاریخی اہمیت، ثقافتی عظمت اور سیاحتی کشش کے باعث دیا جا رہا ہے۔
یہی وہ شہر ہے جسے باغوں کا شہر بھی کہا جاتا ہے، جہاں مغلیہ دور کی عظیم یادگاریں، رنگین بازار، زندہ دل لوگ اور متنوع ثقافت اپنی مثال آپ ہے۔
2019ء میں ای سی او نے اپنی وزارتی کانفرنس میں یہ فیصلہ کیا تھا کہ تنظیم اپنے رکن ممالک میں سیاحت کے فروغ کے لیے ہر سال ایک شہر کو ٹورازم کیپٹل نامزد کرے گی، اور اب لاہور کو یہ اعزاز حاصل ہونا پاکستانی ثقافت اور ورثے کی عالمی سطح پر ایک بڑی کامیابی ہے۔
پاکستان کیلئے بڑا اعزاز، لاہور سیاحتی دارالحکومت کیلئے نامزد
ای سی او کا 25 رکنی اعلیٰ سطحی وفد 13 اپریل سے لاہور کا دورہ شروع کرے گا