پی ایس ایل میں پہلی بار دو سگے بھائی، نسیم شاہ اور عبید شاہ، ایک دوسرے کے مدمقابل آئے۔ نسیم نے اپنے بھائی کو گیند کروانے سے پہلے اشارہ کیا، اور کمنٹیٹر نے اس دلچسپ لمحے پر مزاحیہ تبصرہ کیا عبید نے نسیم کی گیندیں کھیلیں لیکن آؤٹ نہیں ہوئے۔
کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ کے دوران ایک منفرد لمحہ دیکھنے کو ملا جب دو سگے بھائی، نسیم شاہ اور عبید شاہ، ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے نظر آئے۔
اس مقابلے کو دیکھ کر کمنٹیٹر نے دلچسپ تبصرہ کیا اور بتایا کہ نسیم شاہ نے اپنے بھائی عبید شاہ کو گیند پھینکنے سے پہلے اشارے بھی کیے، جو میچ کا ایک یادگار لمحہ بن گیا۔ ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کر سکی اور 203 رنز کے ہدف کے جواب میں پوری ٹیم 155 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
جب ملتان سلطانز کی 9 وکٹیں گر چکی تھیں، تب عبید شاہ بیٹنگ کے لیے وکٹ پر آئے، اور اس وقت ان کے بھائی نسیم شاہ بولنگ کر رہے تھے۔ افتخار احمد کے ایک رن لینے کی وجہ سے عبید شاہ کو اپنے بھائی نسیم کی گیندوں کا سامنا کرنا پڑا۔
عبید شاہ نے نسیم شاہ کی صرف دو گیندوں کا سامنا کیا اور وہ آؤٹ ہونے سے بچ گئے۔ 18ویں اوور کی پانچویں گیند عبید کے پیٹ پر لگی، لیکن انہوں نے اگلی گیند، جو ایک یورکر تھی، دفاعی انداز میں کھیل لی۔ نسیم شاہ نے آخری گیند پھینکنے سے پہلے اپنے بھائی عبید شاہ کو ایک اشارہ کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔





















