گوگل نے ‘.pk’ کو خیرباد کہہ دیا؟

اس نئی پالیسی کے تحت دنیا بھر کے صارفین کی تمام سرچز خودکار طور پر google.com پر منتقل ہو جائیں گی۔

گوگل نے پاکستان کے google.com.pk سمیت تمام ملکوں کے مخصوص سرچ ڈومینز ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب تمام سرچز خودکار طور پر google.com پر جائیں گی تاکہ صارفین کو یکساں اور بہتر تجربہ ملے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی سے سرچ کے نتائج پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، لیکن کچھ صارفین کو اپنی ترجیحات دوبارہ ترتیب دینا پڑ سکتی ہیں۔ یہ تبدیلی آئندہ چند مہینوں میں نافذ ہوگی۔

انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کے لیے گوگل سرچ ایک لازمی سہولت بن چکا ہے۔ چاہے آپ کو قریبی اسپتال ڈھونڈنا ہو یا کوئی اچھا ریسٹورنٹ تلاش کرنا ہو، لوگ کہتے ہیں ’گوگل کر لو‘۔ اب گوگل نے اپنے صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے۔

گوگل کی تازہ بلاگ پوسٹ کے مطابق، کمپنی اب ملکوں کے مخصوص سرچ ڈومینز، جیسے پاکستان کا google.com.pk یا برازیل کا google.com.br، ختم کر رہی ہے۔ اس نئی پالیسی کے تحت دنیا بھر کے صارفین کی تمام سرچز خودکار طور پر google.com پر منتقل ہو جائیں گی۔

گوگل نے اس تبدیلی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ یہ قدم صارفین کو ’زیادہ مربوط، آسان اور یکساں سرچ تجربہ‘ دینے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اب سرچ نتائج آپ کے مقام کی بنیاد پر ہوں گے، نہ کہ ڈومین کی بنیاد پر۔

صارفین پر اس تبدیلی کا کیا اثر ہوگا؟ گوگل نے واضح کیا کہ اس سے سرچ کے نتائج یا کارکردگی پر کوئی برا اثر نہیں پڑے گا۔ البتہ، کچھ صارفین کو اپنی ترجیحات، جیسے زبان یا دیگر سیٹنگز، دوبارہ ترتیب دینا پڑ سکتی ہیں۔

گوگل نے اپنے بیان میں کہا کہ ایڈریس بار میں ڈومین کا نام بدل جائے گا، لیکن صارفین کے مقامی قوانین اور ترجیحات کو پہلے کی طرح اہمیت دی جائے گی۔

گوگل کے مطابق یہ تبدیلی اگلے چند مہینوں میں آہستہ آہستہ نافذ کی جائے گی۔ کمپنی نے 15 اپریل کو اپنی آفیشل بلاگ پوسٹ میں اس فیصلے کی تفصیلات شائع کیں اور اسے عالمی صارفین کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین