اسلام آباد میں جماعت اسلامی کا غزہ مارچ، ریڈ زون سیل، سیکیورٹی ہائی الرٹ

حکومت کو کسی بھی غیر منصفانہ حربے استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور راستے کھول دینے چاہئیں

جماعت اسلامی کے غزہ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ ریڈ زون اور فیض آباد کو کنٹینرز اور خاردار تاروں سے سیل کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے غیر قانونی اجتماع پر سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما عامر بلوچ نے کہا کہ مارچ غزہ کے مظلوموں سے یکجہتی کے لیے ہے اور حکومت کی رکاوٹیں ان کے عزائم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

اسلام آباد: جماعت اسلامی کی طرف سے غزہ مارچ کے اعلان کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق، ریڈ زون اور اس کے توسیعی علاقوں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاروں سے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ شہر بھر میں چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے، اور حساس مقامات پر پولیس کی گشت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ کسی بھی ممکنہ بدامنی سے نمٹنے کے لیے اضافی سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد میں کسی بھی غیر قانونی اجتماع یا مظاہرے پر مکمل پابندی ہے، اور اگر کوئی اس کی خلاف ورزی کرے گا تو اسلام آباد پولیس سخت کارروائی کرے گی۔

اسلام آباد پولیس نے اعلان کیا کہ شہریوں کا امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف ’’پیس فل اسمبلی‘‘ اور ’’پبلک آرڈر ایکٹ‘‘ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔غزہ مارچ کے پیش نظر فیض آباد کو بھی کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے، اور فیض آباد سے اسلام آباد جانے والی اہم شاہراہ کو بند کر دیا گیا ہے۔

جماعت اسلامی کے قافلوں کو روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکریٹری اطلاعات عامر بلوچ نے کہا کہ آج اسلام آباد میں غزہ مارچ ہوگا، اور اس کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ شہر کی ہر گلی سے لوگ مارچ میں شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے شہروں سے آنے والے قافلوں کا اسلام آباد میں خیرمقدم کیا جاتا ہے، اور آج اسلام آباد میں انسانوں کا سمندر نظر آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ کا مقصد غزہ کے مظلوموں سے یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔

عامر بلوچ نے کہا کہ حکومت کو کسی بھی غیر منصفانہ حربے استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور راستے کھول دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے رکاوٹیں نہ کھڑی کی جائیں، اور راستوں کو فوری طور پر کھولا جائے، کیونکہ راستوں کی بندش ہمارے حوصلے کمزور نہیں کر سکتی۔

جماعت اسلامی کے سیکریٹری اطلاعات نے مزید کہا کہ غزہ مارچ کے راستے روکنا حکومت کے فلسطین سے محبت کے دعووں کا نقاب اتار رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت امریکی خوشنودی کے لیے مارچ کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین