فواد خان فلموں کیلئے ہی بنے ہیں، ان کی شخصیت بے حد دلکش ہے: وانی کپور

ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیوں کے باوجود پروڈیوسرز فلم ریلیز کرنے پر ڈٹ گئے ہیں

بھارتی اداکارہ وانی کپور نے پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کو اپنا پسندیدہ اداکار قرار دیتے ہوئے ان کی خوبصورتی اور پرکشش شخصیت کی تعریف کی۔ فواد خان کے ساتھ بولی وڈ فلم ’ابیر گلال‘ میں کام کرنے کا تجربہ وانی کے لیے یادگار رہا۔ فلم کا نیا گانا مقبول ہو چکا ہے، جبکہ 9 مئی کو فلم ریلیز ہوگی۔ ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیوں کے باوجود پروڈیوسرز فلم ریلیز کرنے پر ڈٹ گئے ہیں۔

ممبئی: بولی وڈ کی آنے والی رومانٹک فلم ’ابیر گلال‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ وانی کپور نے پاکستانی اداکار فواد خان کی خوب تعریف کی ہے۔فلم کی پروموشن کے دوران ریڈ ایف ایم انڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وانی کپور نے فواد خان کو نہ صرف خوبصورت بلکہ بہت ہی پرکشش شخصیت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ فواد خان جیسے فنکار فلموں کے لیے ہی پیدا ہوئے ہیں۔

وانی کپور نے بتایا کہ حال ہی میں انہوں نے فواد خان کے ساتھ فلم ’ابیر گلال‘ کی شوٹنگ مکمل کی ہے، اور یہ تجربہ ان کے لیے بہت متاثر کن رہا۔اداکارہ نے فواد خان کو اپنا پسندیدہ اداکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنا بہت خوشگوار رہا۔ انہوں نے کہا کہ فواد بہت معاون اور مہربان ہیں، اور ان کے ساتھ کام کر کے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔

دوسری طرف، فلم ’ابیر گلال‘ کا نیا گانا ’انگریجی رنگ رسیا‘ حال ہی میں ریلیز ہوا ہے، جسے چند گھنٹوں میں 28 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔ اس سے پہلے فلم کا پہلا گانا ’خدایا عشق‘ بھی شائقین میں بہت مقبول ہوا تھا۔فلم کا ٹیزر اپریل کے شروع میں جاری کیا گیا تھا، اور مکمل فلم 9 مئی کو سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ فواد خان کی اس فلم میں شمولیت پر بھارت کی کچھ ہندو انتہاپسند جماعتوں نے فلم کی ٹیم کو دھمکیاں دی ہیں۔ تاہم، فلم کے پروڈیوسرز اور ہدایت کار اپنے فیصلے پر ڈٹے ہوئے ہیں اور مقررہ تاریخ پر فلم ریلیز کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ادھر، بولی وڈ کی کئی بڑی شخصیات، جن میں سنی دیول، سشمیتا سین، اور امیشا پٹیل شامل ہیں، نے فواد خان کی فلم میں شمولیت کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین