واٹس ایپ نے ’ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی‘ نامی نیا فیچر متعارف کرایا ہے جو آپ کی چیٹس کو مزید محفوظ بناتا ہے۔ یہ فیچر چیٹ ہسٹری ایکسپورٹ کرنے، تصاویر اور ویڈیوز خودکار طور پر محفوظ کرنے اور میٹا اے آئی کے استعمال کو روکتا ہے، خاص طور پر حساس گروپ چیٹس کے لیے مفید ہے۔
واٹس ایپ نے ایک نیا اور شاندار پرائیویسی فیچر متعارف کرایا ہے جو آپ کی چیٹس کو زیادہ محفوظ بنانے میں مدد دے گا۔میٹا کی ملکیت واٹس ایپ نے ’ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی‘ نامی فیچر لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس فیچر کا مقصد آپ کی چیٹس کی سکیورٹی کو اور مضبوط کرنا ہے۔
اس فیچر کی مدد سے آپ دوسرے لوگوں کو اپنی چیٹ ہسٹری ایکسپورٹ کرنے یا آپ کی بھیجی ہوئی تصاویر اور ویڈیوز کو خودکار طور پر اپنی ڈیوائس میں محفوظ کرنے سے روک سکتے ہیں۔اسی طرح یہ فیچر آپ کے دوستوں کو چیٹ میں میٹا اے آئی کو استعمال کرنے یا اس سے سوالات پوچھنے سے بھی روکے گا۔
یہ نئی ایڈوانسڈ پرائیویسی سیٹنگ ون آن ون چیٹس اور گروپ چیٹس دونوں پر کام کرے گی۔جب آپ اس سیٹنگ کو آن کریں گے تو نہ تو ون آن ون چیٹ میں اور نہ ہی گروپ چیٹ میں کوئی شخص پوری چیٹ ہسٹری کو واٹس ایپ سے باہر ایکسپورٹ کر سکے گا۔
اسی طرح آپ کی بھیجی ہوئی تصاویر اور ویڈیوز بھی خودکار طور پر دوسرے لوگوں کی ڈیوائسز کی گیلری میں محفوظ نہیں ہوں گی۔تاہم، صارفین اب بھی انفرادی میسجز کے اسکرین شاٹس لے کر انہیں محفوظ کر سکتے ہیں۔
واٹس ایپ نے بتایا کہ وہ آہستہ آہستہ ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی فیچر کو مزید بہتر کرے گا، اور ممکن ہے کہ جلد ہی اسکرین شاٹس لینے کی سہولت بھی محدود کر دی جائے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر خاص طور پر اس وقت بہت فائدہ مند ہوگا جب واٹس ایپ گروپ میں شامل لوگ ایک دوسرے سے زیادہ واقف نہ ہوں لیکن حساس موضوعات پر بات کر رہے ہوں۔
فیچر کیسے استعمال کریں؟
اس فیچر کو استعمال کرنا بہت آسان ہے۔چیٹ کھولیں، اوپر چیٹ کے نام پر کلک کریں اور پھر ’ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی‘ آپشن کو منتخب کریں۔جب آپ گروپ چیٹ میں اس فیچر کو فعال کریں گے تو گروپ کے تمام اراکین کو ایک نوٹیفکیشن ملے گا کہ ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی سیٹنگ آن کر دی گئی ہے۔
یہ فیچر آنے والے مہینوں میں آہستہ آہستہ تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا





















