پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کو سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے پانی روکنے کے لیے کسی قسم کا اسٹرکچر تعمیر کیا تو پاکستان اسے تباہ کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کو اعلانِ جنگ سمجھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پانی روکنے کے لیے کوئی اسٹرکچر بنایا تو پاکستان اسے تباہ کردے گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کوئی آسان کام نہیں، اگر بھارت نے ایسا کیا تو یہ پاکستان کے خلاف اعلانِ جنگ سمجھا جائے گا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر بھارت معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو پاکستان اس اسٹرکچر پر حملہ کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے سے متعلق کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا، اور اب وہ اپنے ہی جھوٹے بیانیے کا شکار ہو چکا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ امریکی نائب صدر نے بھارت کے لیے عزت بچانے کا راستہ رکھا ہے، لیکن اگر بھارت نے اس فیس سیونگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کوئی ناپسندیدہ حرکت کی، تو پاکستان اس کے منہ پر کالک مل دے گا۔





















