بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی کالج کے دنوں کی ایسی نایاب تصاویر سامنے آگئی ہیں جنہیں دیکھ کر مداح حیران رہ گئے۔ ان تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے اور مداحوں کو ایک بار پھر کنگ خان کے ابتدائی سفر کی جھلک دیکھنے کو ملی ہے۔
بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان ایک بار پھر خبروں میں ہیں، مگر اس بار وجہ کوئی نئی فلم نہیں بلکہ ان کی کالج کے زمانے کی وہ نایاب تصاویر ہیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
یہ ان دیکھی تصاویر شاہ رخ خان کے پرانے دوست اور اداکار امر تلوار نے شیئر کیں، جنہیں دیکھ کر ان کے چاہنے والے حیرت میں مبتلا ہو گئے۔
ماضی کو یاد کرتے ہوئے امر تلوار نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ ’’روف کراسنگ‘‘ اور ’’ہُوز لائف اِز اِٹ اینی وے‘‘ جیسے مشہور اسٹیج ڈراموں میں پرفارم کر چکے ہیں۔
امر تلوار نے مزید بتایا کہ ’’لینڈ می آ ٹینر‘‘ نامی پرفارمنس میں انہیں شاہ رخ خان کی جگہ کاسٹ کیا گیا تھا، کیونکہ اس وقت شاہ رخ اپنا مقدر آزمانے ممبئی جا چکے تھے۔
شاہ رخ خان کی یہ پرانی تصاویر دیکھ کر ان کے مداح جذباتی ہو گئے اور کنگ خان کو ان کی سادگی اور محنت کی بدولت شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے خاص طور پر اس بات کو سراہا کہ شاہ رخ خان نے گراس روٹ لیول سے اپنا کیریئر شروع کیا اور آج وہ دنیا بھر میں پہچانے جانے والے ایک بڑے نام بن چکے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان جلد ہی سوجوئے گھوش کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم "کنگ” میں اپنی بیٹی سوہانا خان کے ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔ اس فلم کی ریلیز 2026 کے وسط میں متوقع ہے۔





















