مودی سن لے، آج کا میزائل تجربہ ایٹمی ہتھیار لے جانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے،رانا ثنا اللہ

آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایک محب وطن اور وطن پر مر مٹنے والے مردِ مجاہد ہیں

فیصل آباد میں لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے بھارت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج جس میزائل کا تجربہ کیا گیا وہ ایٹمی ہتھیار لے جانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اور مودی ذہن نشین کر لیں کہ مزید تجربات بھی ہوں گے۔ انہوں نے آرمی چیف کو وطن پر قربان ہونے والا مردِ مجاہد قرار دیا۔

وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اچھی طرح سن لیں، پاکستان نے آج جس میزائل کا تجربہ کیا ہے، وہ ایٹمی ہتھیار لے جانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

فیصل آباد کے علاقے ٹھیکریوالہ میں ایک ترقیاتی منصوبے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرے گا اور مستقبل میں مزید میزائل تجربات بھی کیے جائیں گے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایک محب وطن اور وطن پر مر مٹنے والے مردِ مجاہد ہیں، جو پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

رانا ثنا اللہ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ کشمیر جلد آزادی حاصل کرے گا اور یہ ہماری قومی جدوجہد کا اہم ہدف ہے۔ انہوں نے مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے پاکستان کی امداد بند کرنے کی کوشش کی، جو کہ دشمنی پر مبنی عمل ہے۔لیگی رہنما نے کہا کہ ہم ہر میدان میں تیار ہیں، پاکستان کے دفاع، سالمیت اور خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین