"اپنی عزت کا خیال رکھو”، عروہ حسین کا اشارہ کس کی طرف؟

اپنے گھر کا سب سے پہلے خیال رکھنا زیادہ ضروری ہے

پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کا اثر سوشل میڈیا پر بھی نظر آ رہا ہے، جہاں اداکارہ عروہ حسین کی ایک پوسٹ نے نئی بحث کو جنم دے دیا۔ اگرچہ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا، مگر ان کے الفاظ کو ہانیہ عامر کی حالیہ سرگرمیوں سے جوڑا جا رہا ہے۔

پاک بھارت تنازع کے پس منظر میں، سوشل میڈیا پر کئی فنکاروں کے رویوں پر عوام کی گہری نظر ہے۔ حال ہی میں اداکارہ عروہ حسین نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے عزت نفس اور قومی وقار کے بارے میں بات کی۔

عروہ نے لکھا، ’’پروپیگنڈا ایک ایسا ہتھیار ہے جو جنگوں میں استعمال ہوتا ہے، اور بدقسمتی سے ہم اسے دہائیوں سے بھگت رہے ہیں۔ جب جنگ ہو تو آپ کو اپنی عزت نفس کا خیال رکھنا چاہیے اور اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’اپنے گھر کا سب سے پہلے خیال رکھنا زیادہ ضروری ہے۔‘‘اگرچہ انہوں نے کسی شخصیت کا نام نہیں لیا، مگر سوشل میڈیا صارفین نے فوراً اندازہ لگا لیا کہ ان کا اشارہ اداکارہ ہانیہ عامر کی جانب ہے، جو حال ہی میں انسٹاگرام بھارت میں بلاک ہونے کے باوجود اپنے بھارتی مداحوں کا شکریہ ادا کر رہی تھیں۔

ہانیہ عامر نے بھارتی صارفین کی جانب سے وی پی این کے ذریعے انسٹاگرام تک رسائی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ’’لَو یو‘‘ اور ’’صدقے‘‘ جیسے جواب دیے، جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئے۔

تاہم، بھارت میں انسٹاگرام بند ہونے کے بعد ہانیہ عامر کی پوسٹس پر لائکس اور کمنٹس میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ پہلے جہاں ان کی تصاویر پر لاکھوں لائکس آتے تھے، اب وہ چند ہزار تک محدود ہو گئے ہیں۔

یہ صورتحال صرف ہانیہ ہی نہیں، دیگر پاکستانی فنکاروں کی سوشل میڈیا موجودگی پر بھی اثر ڈال رہی ہے۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت نے وزیراعظم شہباز شریف، ڈی جی آئی ایس پی آر اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت کئی پاکستانی شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت میں بند کر دیے ہیں۔

عروہ حسین کی پوسٹ نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کچھ لوگ قومی وقار اور عزت نفس کی حمایت کر رہے ہیں، جبکہ کچھ فنکاروں کے عالمی مداحوں سے تعلقات کو اہم قرار دے رہے ہیں

متعلقہ خبریں

مقبول ترین