بھارت ایل او سی کے کسی بھی مقام پر حملہ کر سکتا ہے، خواجہ آصف

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارتی ہاتھ ہے

پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول کے آس پاس کسی بھی مقام پر حملے کی کوشش کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے کوئی جارحیت کی تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔ خواجہ آصف نے بھارت کے الزامات کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے نریندر مودی پر کڑی تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنی سیاست بچانے کے لیے پورے خطے کا امن داؤ پر لگا رہے ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ بھارت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اطراف کسی بھی جگہ حملہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اگر بھارت نے ایسی کوئی حرکت کی تو ان شاء اللہ اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

خواجہ آصف نے اس بات کی بھی یاد دہانی کروائی کہ وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ پہلگام واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات ہونی چاہئیں، جس کے لیے ایک بین الاقوامی کمیشن بنایا جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کمیشن کی تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آ جائے گی کہ بھارت خود اس واقعے میں ملوث ہے یا کوئی مقامی گروپ، اور یہ بھی پتہ چل جائے گا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات میں کوئی سچائی ہے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ اب فیصلہ ہو جائے کہ نریندر مودی سچ بول رہے ہیں یا جھوٹ۔ اگر مودی جھوٹ بول رہے ہیں تو دنیا کو صاف صاف کہنا چاہیے کہ نریندر مودی جھوٹے ہیں اور وہ اس خطے کے امن کو تباہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی نے برصغیر کو ایٹمی جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، اور یہ سب وہ صرف اپنے ووٹ بینک کو بڑھانے کے لیے کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے بھارت پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کرانے کا الزام بھی دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2016 اور 2017 میں اقوام متحدہ میں ثبوت دیے تھے، جن میں ویڈیوز بھی شامل تھیں۔ ان ویڈیوز میں واضح طور پر دکھایا گیا ہے کہ بھارت کس طرح لوگوں کو پیسے دے کر پاکستان میں دہشت گردی کرواتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی پاکستان کو جن دہشت گرد حملوں کا سامنا ہے، ان میں اکثر کا تعلق افغانستان کی سرزمین سے ہے، لیکن اصل کردار بھارت کا ہے۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارتی ہاتھ ہے، اور بھارت افغانستان کی سرزمین کو استعمال کر کے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین