پاکستان پر بھارت کا بزدلانہ حملہ، پاک فضائیہ نے 5 بھارتی جنگی طیارے گرادیے، بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی نشانہ بنایا گیا

بھارت نے مریدکے میں دو میزائل فائر کیے، جو ایک عمارت پر گرے

بھارت نے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے معصوم شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا، لیکن پاک فضائیہ نے بروقت اور زبردست جوابی کارروائی کرتے ہوئے 5 بھارتی طیارے مار گرائے اور بھارت کے اہم عسکری مراکز تباہ کر دیے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افواج دشمن کے حملے کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، اور ہر معصوم شہری کے خون کا حساب لیا جائے گا۔

مظفرآباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ بھارت نے اپنی فضائی حدود سے بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد میں میزائل داغے ہیں اور بزدلانہ حملہ کیا ہے، جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دشمن نے مسجد سبحان اللہ (بہاولپور کے احمد پور ایسٹ میں)، کوٹلی اور مظفر آباد میں تین جگہ فضائی حملے کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملے بھارت نے اپنی فضائی حدود سے کیے اور پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی گئی۔

میجر جنرل احمد شریف کے مطابق یہ بزدلانہ اور شرم ناک اشتعال انگیزی کا عمل ہے، جس کا جواب پاکستان اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فضائیہ مکمل طور پر تیار ہے اور بھارتی طیارے پاکستانی حدود میں داخل نہیں ہو سکے۔

تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارت نے مریدکے میں دو میزائل فائر کیے، جو ایک عمارت پر گرے۔ اس عمارت میں بچوں اور بچیوں کے اسکول، مدرسے اور ایک اسپتال قائم ہے، یعنی بھارت نے اسکولوں اور اسپتال کو نشانہ بنایا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جوابی کارروائی جاری ہے اور پاک فضائیہ نے 5 بھارتی طیارے مار گرائے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ دو رافیل طیارے بھی گرائے گئے ہیں اور بھارت کا ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ کر دیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ برنالہ سیکٹر میں پاکستان نے بھارت کا ڈرون مار گرایا اور لیپا ویلی کے سامنے بھارتی فوج کی 6 مہار یونٹ کا بٹالین ہیڈکوارٹر تباہ کر دیا گیا۔ کوٹلی کے کوٹ کٹھیرا سیکٹر میں سرلیا-1 پوسٹ کو مارٹر گولے سے تباہ کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دودنیال سیکٹر (ایل او سی) پر بھی دشمن کی پوسٹ تباہ کی گئی ہے، اور پاکستانی فوج بھارت کی کھلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر معصوم شہری کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ بھارتی حملے میں مظفرآباد کے علاقے شیوائی میں ایک مسجد کو شہید کر دیا گیا ہے، جب کہ بلال مسجد شوائی نالہ کے قریب ایک معصوم بچی شدید زخمی ہو گئی ہے۔ یہی وہ جگہ ہے جہاں ایک روز قبل بین الاقوامی میڈیا کا دورہ ہوا تھا۔

بھارتی حملے کے بعد ملک بھر کے بڑے ایئرپورٹس پر سیکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی ہے۔ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر فضائی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔ فضائی حدود عام پروازوں کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق فضاء میں موجود تین پروازوں کا رخ موڑ کر انہیں مختلف ایئرپورٹس کی جانب منتقل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے پہلگام علاقے میں سیاحوں سمیت 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزامات عائد کیے اور یک طرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین