بھارت نے جارحیت کر کے جو فاش غلطی کی اُس کا خمیازہ اب اُسے ضرور بھگتنا ہو گا، وزیراعظم شہباز شریف

ہمارے بہادر شاہینوں نے دشمن پر ایسی کاری ضرب لگائی کہ وہ چیخ اٹھے

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ بھارت کی حالیہ جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا ہے، اور پاکستان اپنے شہیدوں کے خون کا حساب لے گا۔ انہوں نے دشمن کے طیارے تباہ کرنے پر افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دشمن نے حملہ کر کے سنگین غلطی کی ہے جس کا خمیازہ ضرور بھگتنا پڑے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ رات بھارت نے ہم پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے، اور بھارت کو اس جارحیت کا خمیازہ ضرور بھگتنا پڑے گا۔

انہوں نے یہ بات سرکاری ٹی وی چینل پاکستان ٹیلیویژن پر قوم سے خطاب میں کہی، جس میں انہوں نے دشمن کی حرکتوں پر دوٹوک موقف اختیار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے ایک بڑی طاقت ہونے کے زعم میں ہم پر حملہ کیا لیکن ہمارے جوانوں نے ایسا دندان شکن جواب دیا کہ دشمن کے پانچ جنگی طیارے تباہ ہوگئے، جو ان کا غرور تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دشمن پر جو کاری ضرب لگائی ہے وہ ایسا زخم ہے جو کبھی نہیں بھرے گا، اور بھارتی طیارے جو ان کا فخر تھے، اب مٹی میں مل چکے ہیں۔ ہمارے بہادر شاہینوں نے دشمن پر ایسی کاری ضرب لگائی کہ وہ چیخ اٹھے۔

وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حملے میں ہمارے 26 شہری شہید ہوئے، جن میں ایک سات سالہ بچہ بھی شامل ہے جس کا جنازہ ہم نے ابھی پڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہیدوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں، اور ہم وعدہ کرتے ہیں کہ شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہماری افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر ثابت کر دیا کہ وہ کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر ایک گھنٹے جاری رہنے والی جنگ میں ہمارے جوانوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال بہادری دکھائی اور دشمن کے طیاروں کو تباہ کر دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر روایتی جنگ میں اپنی برتری ثابت کی ہے، اور میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ 24 کروڑ پاکستانیوں کو اپنی افواج پر فخر ہے اور وہ ان کے شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت جس پہلگام واقعے کو جواز بنا کر حملہ کر رہا ہے وہ سراسر بے بنیاد ہے۔ ہم نے اس واقعے کی مشترکہ تحقیقات کی پیش کش کی تھی مگر بھارت نے اسے رد کر دیا اور جارحیت پر اتر آیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دینا لازمی ہے، بھارت چاہے جتنے یکطرفہ فیصلے کرلے، اس سے حقیقت تبدیل نہیں ہوگی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین