بھارت کا گجرانوالہ میں ڈرون حملہ، پاکستانی ایئر ڈیفنس نے دشمن ڈرون تباہ کر دیا

بھارتی ڈرون انتہائی اونچی پرواز پر گوجرانوالہ کینٹ کے قریب آ رہا تھا

گوجرانوالہ میں جمعرات کی صبح بھارتی ڈرون نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، لیکن ایئر ڈیفنس سسٹم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کو مار گرایا۔ ڈرون کا ملبہ گاؤں پیر جھنڈ کے کھیتوں سے برآمد کیا گیا، جبکہ کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

جمعرات کی صبح گوجرانوالہ شہر میں دو زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جس کے بعد کینٹ کے علاقے میں نصب ایئر ڈیفنس سسٹم فوراً متحرک ہو گیا اور ایک بھارتی ڈرون کو نشانہ بنا کر مار گرایا۔

عسکری ذرائع کے مطابق یہ دھماکے اس وقت سننے میں آئے جب ایک بھارتی ڈرون نے انتہائی اونچائی پر پرواز کرتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ جیسے ہی ڈرون گوجرانوالہ کینٹ کے قریب پہنچا، وہاں موجود ایئر ڈیفنس نظام نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اس پر فائر کیا۔

ذرائع کے مطابق ڈرون جیسے ہی کینٹ ایریا کے فضائی دائرے میں داخل ہوا، تو وہاں موجود ایئر ڈیفنس سسٹم نے بروقت کارروائی کی اور اسے نشانہ بنا دیا۔ یہ کارروائی گوجرانوالہ کینٹ کے آس پاس کی گئی جہاں بھارتی ڈرون کو کامیابی سے مار گرایا گیا۔

مزید تفصیلات کے مطابق بھارتی ڈرون انتہائی اونچی پرواز پر گوجرانوالہ کینٹ کے قریب آ رہا تھا کہ ایئر ڈیفنس سسٹم نے دو فائر کیے جن میں سے ایک فائر کامیاب رہا اور ڈرون نیچے گر گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مارا گیا ڈرون گجرات کے قریبی گاؤں ڈنگہ کے قریب آ گرا، جس کی اطلاع پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ گاؤں پیر جھنڈ کے کھیتوں سے ڈرون کا ملبہ قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے سے ڈرون کی ساخت اور دیگر تفصیلات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین