پاک-بھارت جنگ بندی کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی ایس ایل انتظامیہ نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو دبئی میں رکنے کی ہدایت دی ہے اور مقامی کھلاڑیوں کو تیار رہنے کو کہا ہے۔ چار گروپ میچز اور پلے آف کے میچز جلد کھیلے جائیں گے، حالانکہ حتمی شیڈول ابھی جاری نہیں ہوا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے باقی میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پی ایس ایل انتظامیہ نے فرنچائزز سے رابطہ کر کے انہیں بتایا ہے کہ پاک-بھارت جنگ بندی ہو چکی ہے۔ اس لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کو دبئی میں ہی روک لیا جائے۔
فرنچائزز کو مقامی کھلاڑیوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ذہنی طور پر تیار رہیں کیونکہ پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کے میچز کے لیے اسلام آباد میں اکٹھا ہونا پڑ سکتا ہے۔
جنگ بندی کے اعلان کے بعد پی ایس ایل انتظامیہ نے کھلاڑیوں، ہوٹلز، اور گراؤنڈ اسٹاف کے ساتھ بقیہ میچز کروانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
تاہم، انتظامیہ نے ابھی تک کوئی حتمی شیڈول جاری نہیں کیا، لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ بقیہ میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں چار گروپ میچز شامل ہیں، جن میں کراچی کنگز بمقابلہ پشاور زلمی، لاہور قلندرز بمقابلہ پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز، اور ملتان سلطان بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچز ہیں۔
اس کے علاوہ، کوالیفئز، ایلیمنیٹر 1، ایلیمنیٹر 2، اور فائنل کے میچز بھی کھیلے جائیں گے۔





















