مریدکے ،شہید مسجد ام القریٰ کی دوبارہ تعمیر کا اعلان

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین ،صوبائی وزیر بلال یاسین اور عسکری قیادت کا ننگل ساہداں مریدکے کا دورہ

مریدکے: وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے صوبائی وزیر ہائوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین اور عسکری قیادت کے ہمراہ گزشتہ روز ننگل ساہداں مریدکے کا دورہ کیا اور بھارتی حملے میں زخمی شہری ابو خبیب بابا کی عیادت کی جبکہ شہید مسجد ام القریٰ کا بھی دورہ کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے اسے دوبارہ تعمیر کرنے کا اعلان کیا ۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کا کشمیر کے متعلق بیان خوش آئند ہے پاکستان سمجھتا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان سب سے اہم مسئلہ بھی کشمیر ہے اگر امریکی صدر کشمیر کا مسئلہ حل کروانا چاہتے ہیں تو اس کا کوئی اور فارمولہ قابل قبول نہ ہوگا ،کشمیر کا مسئلہ پاکستان اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل قبول کرے گا ۔کشمیر ایک ایسا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے خطہ ہر وقت خطرات سے درپیش رہتا ہے ،بھارت نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ،مقبوضہ جموں و کشمیر میں سات لاکھ سے زائد بھارتی فوج دن رات مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہے ،مسلمانوں کی جان محفوظ ہے نہ مال محفوظ ہے ۔
پاکستان کا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل طلب ہے ،اب اگر امریکی صدر نے کشمیر کے مسئلہ کو حل کرانے کی بات کرہی دی ہے تو وہ یہ یاد رکھیں اور کوئی فارمولہ قابل قبول نہ ہوگا ،صرف اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق کشمیر کا مسئلہ حل تصور کا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت خود کو خطے کا چوہدری بننے کے خواب دیکھ رہا تھا اسے اپنے میزائلز،دفاعی نظام ،رافیل طیاروں پر بڑا غرور تھا جسے پاکستان نے چوبیس گھنٹوں میں مٹی میں ملادیا اور مودی امریکہ سمیت دنیا کے کئی ممالک کے پائوں جاپڑا ،اب زندگی میں کبھی پاکستان پر حملے کا سوچے گا بھی نہیں ،دوبارہ سازش کی تو اسکی حشر اب سے زیادہ عبرت ناک ہوگا ۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین