بیوی نے چلتی موٹر سائیکل پر شوہر کی چپل سے دھلائی کر دی؛ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

یہ منظر دیکھ کر کسی کو ہنسی آئی تو کسی نے سڑک پر اس حرکت کو خطرناک قرار دیا

سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ ویڈیو نے سب کی توجہ کھینچ لی، جس میں ایک خاتون نے موٹر سائیکل پر بیٹھے ہوئے اپنے شوہر کی چپل سے زبردست ’’اصلاح‘‘ کر ڈالی۔ شوہر بیچارہ خاموشی سے پٹتا رہا اور بائیک بھی روکے بغیر چلاتا رہا، جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو! یہ منظر دیکھ کر کسی کو ہنسی آئی تو کسی نے سڑک پر اس حرکت کو خطرناک قرار دیا۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس نے ہنگامہ مچا دیا ہے۔ اس ویڈیو میں ایک خاتون چلتی موٹر سائیکل پر اپنے شوہر کی ’’تربیت‘‘ چپل کے ذریعے کرتی دکھائی دیتی ہیں، اور وہ بھی نہایت مہارت سے۔

یہ منفرد اور کچھ کے لیے تفریحی واقعہ مبینہ طور پر بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر لکھنؤ میں پیش آیا۔ تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق اس ویڈیو کی اصل تاریخ اور مقام کی ابھی تصدیق نہیں ہو سکی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شوہر سکون سے موٹر سائیکل چلا رہا ہے، جبکہ پیچھے بیٹھی بیوی اچانک اپنی چپل نکالتی ہے اور بغیر کوئی وارننگ دیے، شوہر پر چپلوں کی بارش شروع کر دیتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شوہر بالکل خاموشی سے مار کھاتا رہتا ہے، نہ پیچھے مڑتا ہے اور نہ کچھ بولتا ہے، جیسے یہ روز کی بات ہو۔

خاتون کبھی دائیں سے، کبھی بائیں سے اور کبھی اوپر سے چپل گھما کر وار کرتی ہیں، جیسے پرانے حساب برابر کیے جا رہے ہوں۔ اس پورے "چپل ایکشن” کے دوران موٹر سائیکل بھی رکے بغیر چلتی رہتی ہے، جیسے کوئی فلمی سین ہو، مگر تھوڑا زیادہ "حقیقی” انداز میں۔

تشویش کی بات یہ ہے کہ دونوں نے ہی ہیلمٹ نہیں پہنے ہوئے، اور خاتون کی یہ حرکت نہ صرف شوہر کے لیے خطرناک تھی بلکہ سڑک پر دیگر لوگوں کے لیے بھی نقصان دہ ہو سکتی تھی۔

یہ ویڈیو آتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور اب تک چار لاکھ سے زائد لوگ اسے دیکھ چکے ہیں۔ کچھ صارفین نے اسے مزاحیہ انداز میں لیا جبکہ کچھ نے اسے سڑک پر ہونے والی غیر ذمہ دارانہ حرکت قرار دیا۔

ایک صارف نے طنزیہ لکھا: ’’بیوی کو GPS کی جگہ لگا لو، غلطی پر چپل سے راستہ سیدھا کر دے گی!‘‘
جبکہ ایک اور صارف نے مشورہ دیا: ’’اگلی بار شوہر صاحب گھر سے نکلنے سے پہلے چپل کی لوکیشن ضرور چیک کریں!‘‘

بہرحال، یہ ویڈیو ہنسی کا سبب ضرور بنی ہے، لیکن ساتھ ہی ایک یاد دہانی بھی ہے کہ چاہے لڑائی ہو یا محبت، سڑک پر احتیاط بہت ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین