منہاج یونیورسٹی لاہور میں یومِ تشکر کی پروقار تقریب ، پاک بھارت حالیہ جنگ میں فتح پر قومی ہیروز کو خراجِ تحسین

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی عظیم فتح پر لکھی گئی نظم بھی پیش کی گئی

لاہور :حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی عظیم الشان فتح پرمنہاج یونیورسٹی لاہور میں یومِ تشکر کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد قومی سلامتی کے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور دفاعِ وطن میں ان کی لازوال قربانیوں کا اعتراف کرنا تھا۔

تقریب میں ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی عظیم فتح پر پاکستانی افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے لکھی گئی نظم بھی پیش کی گئی ۔ تقریب میں پاک فضائیہ سے ایئر کموڈور (ر) خالد چشتی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں پاک فضائیہ نے مرکزی کردار ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایئرفورس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کے امتزاج سے دشمن کو حیرت میں ڈال دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری فضائی طاقت قوم کے اعتماد کی حقیقی مظہر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ جذبۂ حب الوطنی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔پاکستان آرمی سے کرنل (ر) سید علی جعفری نے اپنے خطاب میں زمینی محاذ پر فوج کے کردار، قربانیوں اور دفاعی تیاریوں پر روشنی ڈالی۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی نے ہر محاذ پر جرأت اور دلیری کا مظاہرہ کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ فوج کا ہر سپاہی وطن کی مٹی کے لیے جان قربان کرنے کو تیار ہے۔

دشمن نے ہماری خاموشی کو کمزوری سمجھا، لیکن ہم نے بروقت اور منہ توڑ جواب دے کر اسے سبق سکھایا۔ ایڈمرل (ر) نوید احمد رضوی نے جنگ میں پاکستان نیوی کے کردار پر تفصیلی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیوی نے سمندری حدود کی حفاظت میں خاموش لیکن نہایت اہم اور مؤثر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی ہر وقت مکمل تیاری کی حالت میں تھی اور دشمن کی کسی بھی پیش قدمی کو روکنے کے لیے پیشہ ورانہ حکمت عملی اختیار کی گئی۔

اُنہوں نے کہا کہ نیوی کا یہ کردار قوم کے اعتماد، حوصلے اور استقامت کی علامت ہے۔ وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے تقریب کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے مہمان مقررین کا شکریہ ادا کیا اور پاک فوج، نیوی اور ایئرفورس کے کردار کو "قوم کی حقیقی ڈھال” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر اور اپنی تینوں مسلح افواج پر مکمل اعتماد ہے جن کی بہترین حکمت عملی سے مکار دشمن گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا ۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ہماری نوجوان نسل دفاعِ وطن کے جذبے سے سرشار ہے اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔تقریب میں طلبہ و طالبات کی جانب سے ملی نغمہ بھی پیش کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے مہمان مقررین کو شیلڈز سے نوازا ۔ تقریب میں سیکرٹری سیکرز کلب عمارہ مقصود قادری ،ڈائریکٹر ایڈمیشن منہاج یونیورسٹی خرم خورشید سمیت منہاج یونیورسٹی کے ڈینز ،فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی

متعلقہ خبریں

مقبول ترین