جہانگیر سیف اللہ خان کا آغوش آرفن کیئر ہوم کادورہ،بچوں کے ساتھ وقت گزارا

ادارہ آغوش پاکستان بھر میں یتیم بچوں کی کفالت کا ایک قابلِ تقلید ماڈل ہے:جہانگیر سیف اللہ خان

لاہور (22مئی 2025) معروف کاروباری و سماجی شخصیت اور چیف ایگزیکٹو سیف گروپ جہانگیر سیف اللہ خان نے ناظم
اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور کے ہمراہ تحریک منہاج القرآن کے ذیلی ادارہ آغوش آرفن کیئر ہوم کادورہ کیا۔

ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور آغوش کمپلیکس میں زیر تعلیم یتیم اور بے سہارا بچوں کے نظام تعلیم، تربیت، جامع پرورش، رہائش اور نگہداشت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن منہاج یونیورسٹی میجر(ر) سیلمان بھی موجود تھے۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اورجہانگیر سیف اللہ خان نے آغوش کے ایکٹیویٹی ہال، کلاس رومز، ہاسٹل، ڈائننگ ہال، مدر ایریا، لائبریری، کمپیوٹر لیب سمیت مختلف شعبہ جات کا وزٹ کیا اور بچوں سے خصوصی ملاقات بھی کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جہانگیر سیف اللہ خان نے آغوش کے مثالی نظم و ضبط، صفائی، تربیت اور بچوں کی اخلاقی و تعلیمی نشوونما کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آغوش جیسا ادارہ پاکستان بھر میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی فلاح کے لیے ایک قابلِ تقلید ماڈل ہے۔ جہانگیر سیف اللہ خان نے کہا کہ "میں آغوش میں آ کر بے حد متاثر ہوا ہوں، یہاں کے بچوں میں اعتماد، تہذیب، محبت اور جذبہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔

"انہوں نے کرنل(ر) مبشر اقبال اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کا نظم و ضبط، صفائی، سیکیورٹی اور تربیت کا معیار بین الاقوامی سطح کا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ادارہ آغوش آرفن کیئر ہوم منہاج القرآن کی خدمتِ خلق کی سوچ کا عملی مظہر ہے۔ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں فلاح انسانیت کے ایسے پراجیکٹس کو فروغ دے رہی ہے جو مستحق بچوں کو نہ صرف پناہ دیتے ہیں بلکہ اُنہیں عزت، تعلیم، کردار اور مستقبل کی سمت بھی فراہم کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آغوش منہاج القرآن کے ویژن کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ آرفن کیئر ہوم اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہے جو جدید طرز تعمیر،بہترین نظم و نسق اور بچوں کےلئے محفوظ و آرام دہ ماحول فراہم کرنے میں مثالی حیثیت رکھتا ہے۔دورے کے اختتام پر کرنل(ر) مبشر اقبال نے معزز مہمانوں کو خصوصی شیلڈز بھی پیش کیں۔ مہمانانِ گرامی نے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور آغوش کے بچوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین