ایران کے اعلیٰ سطحی وفد کا منہاج یونیورسٹی لاہور کا دورہ

منہاج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد اور رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا

لاہور:اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلیٰ سطحی وفد نے گزشتہ روز منہاج یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا۔وفد کے اعزاز میں الفارابی آڈیٹوریم میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وفد میں یونیورسٹی آف صدا و سیما (IRIB) ایران کے صدر ڈاکٹر شہاب اسفندیاری، سابق نائب وزیر کھیل و نوجوانان ایران واحد یمن پور، انسٹیٹیوٹ آف کلچر اینڈ آرٹ ایران کے ڈائریکٹر سجاد صفار ہارندی، ٹی وی پروڈیوسر مجتبیٰ حیدری، میڈیا پروفیشنل علی رضا کمیلی اور ٹی وی پروڈیوسر علی صدرینیا شامل تھے۔

منہاج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد اور رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا ۔یونیورسٹی آف صدا و سیما (IRIB) ایران کے صدرڈاکٹر شہاب اسفندیاری نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا ایک مؤثر ہتھیار بن چکا ہے جو کہ قوموں کی فکری شناخت، بیانیہ اور دفاع کا ذریعہ بنتا ہے۔ ایران اور اسرائیل کے مابین حالیہ کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی میڈیا پروپیگنڈے کے مقابلے میں ایرانی میڈیا نے دانشمندی، استقامت اور سچائی سے اپنا مؤقف پیش کیااور ہر محاذ پر اسرائیل کو شکست دی ۔

اسے بھی پڑھیں: منہاج یونیورسٹی لاہور میں ’’متوازن صحت کے ذریعے قوت و کارکردگی میں بہتری‘‘کے موضوع پر سیمینار

سابق نائب وزیر کھیل و نوجوانان ایران واحد یمن پور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان میڈیا اور تعلیمی اداروں کا اشتراک وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے طلبہ کو عصری چیلنجز کا شعور اور فکری رہنمائی میسر آ سکے۔وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات ہمیشہ باہمی احترام، عقیدت اور اعتماد پر قائم رہے ہیں، دونوں ممالک ہر نازک موقع پر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

رجسٹرار منہاج یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر خرم شہزاد نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مابین تعلقات صرف دو ممالک کے نہیں بلکہ دو تہذیبوں اور برادر اسلامی اقوام کے درمیان گہرے اور دیرینہ رشتوں کا مظہر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی تہذیبی، ثقافتی اور تعلیمی میدان میں ایران کے اداروں کے ساتھ اشتراک کو خوش آئند سمجھتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین