بغیر دوا کےماہرین نے گہری نیند کا آسان ترین راز بتا دیا

پاؤں کو ٹھنڈی ہوا لگنے دینا انسان کو جلد گہری نیند میں لے جانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے

لاہور( خصوصی رپورٹ:رمیض حسین) رات کو سوتے وقت اگر آپ بھی بے چینی، گرمی یا بار بار آنکھ کھلنے کی شکایت رکھتے ہیں تو شاید اس کا حل کسی مہنگی دوا میں نہیں بلکہ ایک انتہائی سادہ عادت میں چھپا ہو۔ ماہرین کی نئی تحقیق نے انکشاف کیا ہے کہ سونے کے دوران جسم کے صرف ایک حصے کو ٹھنڈی فضا ملنے دینا نیند کے معیار کو حیران کن حد تک بہتر بنا سکتا ہے۔

نیویارک سے سامنے آنے والی ایک تازہ سائنسی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ پاؤں کو ٹھنڈی ہوا لگنے دینا انسان کو جلد گہری نیند میں لے جانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ امریکی ماہرِ نفسیات نٹالی ڈاؤٹوِچ کے مطابق انسانی جسم میں پاؤں ایک خاص اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ یہاں موجود مخصوص خون کی نالیاں جسمانی درجہ حرارت کو متوازن رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق جب جسم گرم ماحول کا سامنا کرتا ہے تو پاؤں کی خون کی نالیاں پھیل جاتی ہیں، جس سے حرارت جلد کے ذریعے خارج ہونے لگتی ہے۔ یہی عمل جسم کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے اور نیند کے قدرتی نظام کو فعال بناتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے سے قبل انسانی جسم کا درجہ حرارت بتدریج کم ہونا شروع ہو جاتا ہے، جبکہ گہری نیند کے دوران یہ اپنی کم ترین سطح پر پہنچ جاتا ہے۔

اسی تناظر میں ماہرین نیم گرم پانی سے غسل کو بھی مفید قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق غسل کے بعد جسم کا درجہ حرارت آہستہ آہستہ کم ہوتا ہے، جو دماغ کو نیند کے لیے تیار کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ نہانے کے بعد زیادہ پُرسکون اور غنودگی محسوس کرتے ہیں۔

تحقیق میں یہ پہلو بھی سامنے آیا کہ بعض افراد سوتے وقت کمبل سے ایک پاؤں باہر نکال کر زیادہ آرام محسوس کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ صرف عادت نہیں بلکہ جسمانی سکون حاصل کرنے کا ایک فطری طریقہ ہو سکتا ہے، کیونکہ اس سے انسان اپنے اردگرد کے درجہ حرارت پر بہتر کنٹرول محسوس کرتا ہے۔

رات کو زیادہ پسینہ آنے والے افراد کے لیے بھی یہ طریقہ فائدہ مند قرار دیا گیا ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ پاؤں کو کھلا رکھنے سے جسم کی اضافی حرارت خارج ہونے میں مدد ملتی ہے، جس سے نمی اور گھبراہٹ جیسی کیفیت کم ہو سکتی ہے۔ چونکہ پاؤں میں خون کی باریک نالیاں جلد کے قریب ہوتی ہیں، اس لیے وہ جسمانی گرمی کے اخراج میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔

اسی طرح وہ لوگ جو رات کے وقت ٹانگوں میں بے چینی یا درد، یعنی ریسٹ لیس لیگ سنڈروم، کا سامنا کرتے ہیں، ان کے لیے بھی یہ عادت سکون کا باعث بن سکتی ہے۔ ٹھنڈی فضا ٹانگوں کے تناؤ اور بے آرامی کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے، جس سے نیند نسبتاً بہتر ہو جاتی ہے۔

ماہرین نے یہ بھی واضح کیا کہ کچھ افراد جسمانی لمس، کپڑوں کے وزن یا درجہ حرارت کے معاملے میں زیادہ حساس ہوتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے لیے پاؤں پر ہلکی ٹھنڈی ہوا ذہنی سکون اور جسمانی راحت کا احساس پیدا کرتی ہے، جو پرسکون نیند کے لیے اہم عنصر سمجھا جاتا ہے۔

تحقیق کے اختتام پر ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ نسبتاً ٹھنڈا ماحول نہ صرف جلد نیند لانے میں مدد دیتا ہے بلکہ نیند کے معیار کو بھی بہتر بناتا ہے، اور بظاہر معمولی دکھائی دینے والی عادات بھی صحت مند نیند کے لیے غیرمعمولی فائدہ دے سکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین