لاہور (تحریک نیوز) تحریک منہاج القرآن کے ممتاز عالمِ دین، مفتیِ اعظم اور استاذ العلماء مفتی عبد القیوم خان ہزاروی انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے علمی، دینی اور مذہبی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ آج 15 جون بعد نمازِ مغرب 7:30 بجے مرکزی سیکرٹریٹ 365 ایم، ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی جائے گی۔ نمازِ جنازہ پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پڑھائیں گے۔
مفتی عبد القیوم خان ہزاروی مرحوم، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے قریبی اور دیرینہ رفقاء میں شامل تھے۔ وہ گزشتہ چار دہائیوں سے تدریسِ قرآن، افتاء، دعوت و تربیت اور دینی خدمات کے شعبوں میں نہایت اخلاص، علمی وقار اور فکری بصیرت کے ساتھ مصروفِ عمل رہے۔
ان کی دینی، تدریسی اور اصلاحی خدمات کو علمی حلقوں میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ وہ ہزاروں طلبہ اور علماء کے لیے علم، حکمت، تقویٰ اور اعتدال کا ایک روشن حوالہ سمجھے جاتے تھے۔
مرحوم کے انتقال کو علمی و دینی حلقوں نے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پر نہیں ہو سکے گا۔
دعا کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی دینی و علمی خدمات کو قبول فرمائے، ان کی مغفرت کرے، درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ ساتھ ہی اللہ تعالیٰ پسماندگان، اہلِ خانہ، طلبہ اور متعلقین کو صبر جمیل عطا کرے۔





















