مردان کے قریب پاک فضائیہ کا سپر مشاق طیارہ حادثے کا شکار، دو افسران شہید

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف سمیت سروسز چیفس اور تمام افسران و جوانوں نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے

پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ معمول کی فلائٹ کے دوران مردان کے قریب حادثے کا شکار ہو کر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پاک فضائیہ کے ایک انسٹرکٹر پائلٹ اور پاکستان بحریہ کے ایک زیرِ تربیت افسر شہید ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ صبح تقریباً 8 بج کر 25 منٹ پر کاٹلنگ روڈ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں سپر مشاق تربیتی طیارہ اچانک گر کر تباہ ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور پاکستان بحریہ کے لیفٹیننٹ طہ عباسی جامِ شہادت نوش کر گئے۔ دونوں افسران معمول کی تربیتی پرواز پر تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ایئر ہیڈکوارٹرز کی جانب سے ایک تحقیقاتی بورڈ قائم کردیا گیا ہے، جو حادثے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔

مسلح افواج کے ترجمان کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف سمیت سروسز چیفس اور تمام افسران و جوانوں نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بیان کے مطابق مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں وہ ان کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔

ادھر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونے والے دونوں پائلٹس کے لیے دعائے مغفرت کی اور ان کی بلندیٔ درجات کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج وطن کے دفاع کے لیے اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل ہیں۔

وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر عطا فرمائے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور دونوں شہید پائلٹس کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں افسران نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند مرتبہ پایا ہے۔

وزیر داخلہ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

ریسکیو ادارے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے، جہاں ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موجود تھیں۔ حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے تین افراد، جن میں دو راہگیر بھی شامل ہیں، کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین