پشاور (محمد کاشف جان) لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے لیبر روم سے نومولود بچے کے اغوا کی اطلاع پر سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد اور ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے بچے کی بحفاظت بازیابی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔
ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کی براہِ راست نگرانی میں ڈی ایس پی سٹی سرکل شہنشاہ خان اور ایس ایچ او تھانہ خان رازق شہید بلال خان نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ سیف سٹی پروجیکٹ، جدید سائنسی و ٹیکنیکل ذرائع اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے جامع تفتیش کا آغاز کیا۔
خصوصی پولیس ٹیموں نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نومولود بچے کو اغوا کرنے میں ملوث مرکزی ملزمہ مسماۃ (س) کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ٹیم نے سیف سٹی پروجیکٹ جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ٹیکنیکل شواہد کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا، جن کی نشاندہی پر مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے نومولود بچے کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق نومولود بچے کی نانی مسماۃ (ع) بیوہ احمد گل نے 30 ستمبر کو لیبر روم سے بچے کے اغوا کی رپورٹ درج کرائی تھی، جبکہ بچے کے والد کا تعلق حشمت خان سکنہ شبقدر کلا مورونہ ہیں۔
گرفتار ملزمہ سے واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے، اور واردات میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں
گرفتار ملزمہ سے دوران تفتیش اہم انکشافات اور مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔





















