محبت کے نام پر 500 لڑکیوں کو دھوکا دینے والا ’’بہروپیا عاشق‘‘ گرفتار

یہ منظم فراڈ اس وقت سامنے آیا جب ایک متاثرہ خاتون نے پولیس سے رجوع کیا

نئی دہلی: (خصوصی رپورٹ: غلام مرتضیٰ)بھارت میں ایک حیران کن اور چونکا دینے والا فراڈ بے نقاب ہوا ہے جہاں ایک شخص نے محبت کے نام پر 500 سے زائد خواتین کو دھوکا دے کر کروڑوں روپے بٹور لیے۔ پولیس کے مطابق 35 سالہ ملزم آنند کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جو مختلف شناختیں اختیار کر کے خواتین کو اپنے جال میں پھنساتا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم سوشل میڈیا اور ڈیٹنگ ایپس پر جعلی پروفائلز بنا کر خواتین سے رابطہ کرتا تھا اور ہر بار ایک نئی شناخت اختیار کرتا، کبھی وہ خود کو ڈاکٹر ظاہر کرتا تو کبھی فلم پروڈیوسر، وکیل یا کامیاب بزنس مین بن کر سامنے آتا۔ وہ نہایت چالاکی سے پہلے جذباتی تعلق قائم کرتا، محبت اور شادی کے وعدے کرتا اور اعتماد حاصل کرنے کے بعد مختلف بہانوں سے رقم طلب کرتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اکثر میڈیکل ایمرجنسی، کاروباری نقصان یا کسی مشکل صورتحال کا بہانہ بنا کر پیسے مانگتا اور جیسے ہی رقم حاصل کرتا فوراً غائب ہو جاتا اور کسی نئی شناخت کے ساتھ کسی اور خاتون کو نشانہ بناتا۔ بعض کیسز میں اس نے ماڈلنگ یا بڑی کمپنیوں میں نوکری دلوانے کے جھانسے بھی دیے جس کے ذریعے خواتین کو مالی نقصان پہنچایا گیا۔

تحقیقات کے مطابق اس شخص نے ایک یا دو نہیں بلکہ 500 سے زائد خواتین کو اپنا نشانہ بنایا اور ان سے مجموعی طور پر تقریباً 2 کروڑ روپے لوٹ لیے۔ یہ منظم فراڈ اس وقت سامنے آیا جب ایک متاثرہ خاتون نے پولیس سے رجوع کیا، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتاری کے دوران پولیس نے ملزم کے قبضے سے متعدد موبائل فونز، سم کارڈز، بینک کارڈز اور سونے کے زیورات برآمد کیے، جو مبینہ طور پر دھوکہ دہی سے حاصل کی گئی رقم سے خریدے گئے تھے۔ ڈیجیٹل شواہد سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزم بیک وقت کئی جعلی شناختوں کے ساتھ مختلف علاقوں میں خواتین سے رابطے میں تھا جبکہ پولیس اب اس کے ممکنہ ساتھیوں کی تلاش میں بھی مصروف ہے۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ آن لائن تعلقات میں بغیر تصدیق کے اعتماد کرنا خطرناک ہو سکتا ہے، کیونکہ جذباتی وابستگی کو استعمال کر کے مالی نقصان پہنچانا ایک عام اور منظم جرم بنتا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین