لاہور (تحریک نیوز)منہاج یونیورسٹی لاہور میں گزشتہ روز بی ایس ڈگری پروگرام میں نئے داخلہ لینے والے طلبہ کے اعزاز میں (Orientation Session) تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد نئے آنے والے طلبہ کو یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر، ڈگری پروگرامز اور دیگر معلومات سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے تقریب میں نئے آنے والے طلبہ کو مبارکباد دی۔ طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہترین انفراسٹرکچر اور کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کی بدولت منہاج یونیورسٹی پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز میں نمایاں مقام حاصل کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور علم کے ساتھ ساتھ مہارتوں (Skills)، ڈیجیٹل لٹریسی اور انوویشن کا ہے، اس لیے طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنی تعلیم کو صرف نصابی حدود تک محدود نہ رکھیں بلکہ تحقیق، کریئیٹو تھنکنگ اور عملی تجربات پر بھی توجہ دیں۔
اسے بھی پڑھیں: منہاج یونیورسٹی لاہور، ’’پانی ہمارا مستقبل ہے‘‘ کے موضوع پر سیمینار
رجسٹرار منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد نے طلبہ کو یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر، اکیڈیمکس، کیمپس مینجمنٹ سسٹم، ریسرچ سنٹرز اور اکیڈیمک کیلنڈر کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب اور ٹیکنالوجی سے لیس تعلیمی ماحول فراہم کر رہی ہے تاکہ طلبہ نہ صرف ڈگری حاصل کریں بلکہ عملی میدان میں بھی نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں ڈیجیٹل لرننگ، ریسرچ کلچر اور انڈسٹری لنکیجز کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم میسر آ سکے۔تقریب میں ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر محمد اسد کے علاوہ مختلف تعلیمی شعبہ جات کے ڈینز، ہیڈز اور فیکلٹی ممبران سمیت منہاج یونیورسٹی لاہور میں نئے داخلہ لینے والے بی ایس کے طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔





















