قرآن مجید کا تحفہ ملنے پر امریکی اداکارہ نے مداح کا شکریہ ادا کر دیا

ایک انٹرویو میں اداکارہ کو ’ان شاء اللہ‘ کہتے سنا تھا، جس کے بعد فیصلہ کیا کہ اگر کبھی ملاقات ہوئی تو یہ مقدس کتاب بطور تحفہ ضرور پیش کروں گے:مداح

لاہور(خصوصی رپورٹ:رمیض حسین )چمکتے ستاروں کی دنیا میں بعض لمحات ایسے بھی آ جاتے ہیں جو خبروں سے بڑھ کر دلوں کو چھو لیتے ہیں۔ ایک ایسا ہی ایک خوبصورت منظر حال ہی میں لندن میں دیکھنے کو ملا۔

ہالی ووڈ کی نامور اداکارہ این ہیتھوےAnne Hathaway ایک مرتبہ پھر اس وقت خبروں کی زینت بن گئیں جب لندن میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ایک مداح نے انہیں قرآنِ مجید پیش کیا۔ اداکارہ نے اس غیر متوقع تحفے کو مسکراہٹ اور خوشگوار حیرت کے ساتھ قبول کرتے ہوئے مداح کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے موقع پر این ہیتھوے اپنے چاہنے والوں کو آٹوگراف دے رہی تھیں کہ اسی دوران ایک مداح آگے بڑھا اور انہیں قرآنِ پاک بطور تحفہ پیش کیا۔ مداح نے بتایا کہ انہوں نے ایک انٹرویو میں اداکارہ کو ’ان شاء اللہ‘ کہتے سنا تھا، جس کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ اگر کبھی ملاقات ہوئی تو یہ مقدس کتاب ضرور پیش کریں گے۔

اداکارہ نے نہ صرف اس تحفے کو قبول کیا بلکہ مداح کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔ یہ یادگار لمحہ جلد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل کرنے لگا۔

چند روز قبل این ہیتھوے کی ایک اور ویڈیو بھی عالمی سطح پر خاصی مقبول ہوئی تھی، جس میں وہ مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہوئے ’ان شاء اللہ‘ کا استعمال کرتی دکھائی دیں۔ اس گفتگو میں انہوں نے کہا تھا کہ عمر کے بڑھنے سے گھبرانا نہیں چاہیے کیونکہ زندگی کا ہر دور اپنی ایک الگ خوبصورتی رکھتا ہے، اور وہ خود بھی ’ان شاء اللہ‘ ایک طویل اور صحت مند زندگی کی خواہش رکھتی ہیں۔

این ہیتھوے اپنے فلمی سفر میں "دی پرنسز ڈائریریز”، "دی ڈیول ویئرز پراڈا” اور "لیس میزرایبل” جیسی کامیاب فلموں میں شاندار اداکاری کے باعث عالمی شہرت حاصل کر چکی ہیں۔ انہیں اکیڈمی ایوارڈ سمیت کئی بڑے اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ حالیہ واقعے کے بعد ایک بار پھر وہ اپنے مداحوں کی محبت اور توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین