ایف بی آر انفورسمنٹ نظام بہتر بنانا وقت کی ضرورت: شہبازشریف

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ایف بی آر کے انفورسمنٹ نظام کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،نجی شعبہ کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، فعال اور خوشحال نجی شعبہ ملکی معیشت کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار وزیراعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر سرمایہ کاری و نجکاری عبد العلیم خان ، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل ، اٹارنی جنرل منصور اعوان ، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد ، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایف بی آر کے ٹیکس وصولی کے انتظام کے حوالے سے ایف بی آر کے ہوم گرون ٹرانفارمیشن پلان کی اصولی منظوری دے دی گئی۔وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتیہوئے کہا کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اہم معاشی اصلاحات میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ محصولات میں بہتری سے عوام کو خدمات کی فراہمی اور سماجی شعبہ میں بہتری آئے گی ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ایف بی آر کا انفورسمنٹ نظام بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے ایف بی آر کے انفورسمنٹ کی نظام کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت بھی کی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین