دو ریاستوں کا قیام مسئلہ فلسطین کا حل: بائیڈن

نیویارک: امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت ہے، مشرق وسطی میں جنگ کا پھیلاو کسی کے حق میں نہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بطور امریکی صدر اپنا آخری خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا کہ کسی بھی ملک کو حق ہے کہ وہ یقینی بنائے کہ اس پر دوبارہ حملہ نہ ہو، دنیا 7 اکتوبر کے ہولناک واقعات کو کبھی نظر انداز نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ دو ریاستوں کا قیام ہی مسئلہ فلسطین کا حل ہے، فلسطنیوں کو اپنی ریاست میں رہنے کا حق ملنا چاہئے، غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت ہے، غزہ کی صورتحال خراب ہے لیکن سفارتی حل اب بھی ممکن ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مشرق وسطی میں جنگ کا پھیلاو کسی کے حق میں نہیں، غزہ میں ہزاروں شہری اور اسرائیلی قیدیوں کے اہلخانہ سخت مشکل سے گزر رہے ہیں۔ امریکا سلامتی کونسل کی توسیع کے حق میں ہے، اقوام متحدہ کو دنیا میں امن قائم کرنے کے اپنے بنیادی کام کی طرف لوٹنا پڑے گا۔
جوبائیڈن نے کہا کہ مصنوعی ذہانت نے ہماری زندگی بدل دی ہے ہمیں اس ٹیکنالوجی کا استعمال ذمہ داری سے کرنا ہوگا اور اسے محفوظ بنانا ہوگا، مصنوعی ذہانت کو اچھے اور برے دونوں کاموں میں استعمال کیا جارہا ہے، مصنوعی ذہانت کیلئے عالمی قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین