ابھیشیک اور ایشوریا کے درمیان فاصلے بڑھنے لگے؟
نئی دہلی:بالی ووڈ کی مشہور جوڑی، ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی علیحدگی کی افواہوں نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے، دبئی کی ایک تقریب میں ایشوریا کے نام کے ساتھ "بچن” شامل نہیں تھا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں ایشوریا رائے کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا تو اسکرین پر ان کا نام صرف "ایشوریا رائے” کے طور پر دکھایا گیا۔ اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد، ان کی اور ابھیشیک بچن کی علیحدگی کی خبریں دوبارہ گردش کرنے لگیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا۔ اس سے قبل بھی ایشوریا رائے نے ایک تقریب میں ایوارڈ وصول کیا تھا، جہاں ان کے نام کے ساتھ "بچن” کا استعمال نہیں کیا گیا۔ مزید برآں، ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی ان کے نام کے آگے سے "بچن” ہٹ چکا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس پر تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ ایشوریا رائے پہلے سے زیادہ تازہ دم اور خوش نظر آ رہی ہیں۔ کچھ صارفین نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ان کی صحت اور چہرے پر خاصی مثبت تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے۔
ابھی تک ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی جانب سے ان خبروں پر کوئی تبصرہ یا وضاحت سامنے نہیں آئی ہے، تاہم یہ افواہیں کافی عرصے سے سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہیں۔