راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کا ضلع خیبر کے علاقے باغ میں آپریشن، سرغنہ سمیت4خوارج ہلاک اور 3زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 27نومبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر ضلع کے علاقے باغ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پرانٹلیجنس بنیاد پر آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے دوران 4 خوارج، بشمول ان کے سرغنہ باتور ہلاک ہوگئے جبکہ 3خوارج زخمی ہوئے۔
علاقے میں ممکنہ طور پر چھپے ہوئے دیگر خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم کی طرف سے جاری بیان میں خارجی سرغنہ سمیت چار خارجیوں کو جہنم واصل کرنے اور تین کو زخمی کرکے گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے،دہشت گردی کے ملک سے خاتمے کیلئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔