پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے "کاروبار کارڈ اسکیم” شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اسکیم کا مقصد نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس میں "چیف منسٹر آسان کاروبار فنانسنگ اسکیم” پر تفصیلی غور کیا گیا، جس کے تحت ایک لاکھ سے دس لاکھ روپے تک کے قرضے دیے جائیں گے۔ اس اسکیم میں میڈیم انٹرپرائزز کے لیے تین کروڑ روپے تک قرض فراہم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
اس منصوبے کے تحت سمال اور میڈیم انڈسٹری کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے، جبکہ بڑے شہروں میں انڈسٹریل زونز قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ نوجوان کاروباری افراد کے لیے بغیر سود کے قرضے فراہم کیے جائیں گے، اور قرض کی واپسی کے لیے پانچ سال کا دورانیہ رکھا گیا ہے، جس میں پہلی قسط کی ادائیگی سے قبل تین ماہ کی مہلت بھی دی جائے گی۔
اجلاس میں منتخب تجارتی سیکٹرز کو ترجیحی بنیادوں پر قرضے دینے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ مزید یہ کہ کاروبار کارڈ کو مخصوص مقاصد کے لیے استعمال نہ کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں، جن میں ریسٹورنٹ سمیت دیگر دس شعبے شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اسکیم کے لیے جامع پلان جلد پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس منصوبے کو تیزی سے عملی جامہ پہنایا جا سکے۔