رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، 12 دسمبر کو پیشی کا حکم

رانا ثنا اللہ کے خلاف تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں درج مقدمہ زیر سماعت ہے

گوجرانوالہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ سدرہ گل نواز نے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ رانا ثنا اللہ کو گرفتار کر کے 12 دسمبر کو پیش کیا جائے۔

رانا ثنا اللہ کے خلاف تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں درج مقدمہ زیر سماعت ہے۔ یہ مقدمہ 16 اکتوبر 2020 کو پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسے کے دوران درج کیا گیا تھا، جس میں ان پر کنٹینر ہٹانے اور پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

مذکورہ مقدمے میں خرم دستگیر، عمران خالد، اور سلمان خالد بٹ پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔ پولیس نے ابتدائی طور پر رانا ثنا اللہ کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے 173 کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی تھی۔ تاہم، عدالت نے پولیس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کو طلب کیا تھا۔

بار بار طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین