پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کر لی ہیں، یہ سنگ میل انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ڈربن میں جاری 3 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں حاصل کیا۔
جنوبی افریقی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں گرین شرٹس کی بیٹنگ جاری ہے۔ اسی میچ کے دوران شاہین آفریدی نے اپنی 100 وکٹیں مکمل کر کے پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں نیا باب رقم کیا۔
شاہین آفریدی مینز ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 100 وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور لیگ اسپنر شاداب خان بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
مزید برآں، شاہین آفریدی نے بین الاقوامی کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں 100 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی کرکٹر ہونے کا منفرد اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 116 اور ون ڈے کرکٹ میں 112 وکٹیں حاصل کی ہیں، اور اب ٹی 20 انٹرنیشنلز میں بھی 100 وکٹوں کا ہدف عبور کر لیا ہے۔
یہ کارنامہ نہ صرف شاہین شاہ آفریدی کی شاندار کارکردگی کا مظہر ہے بلکہ پاکستانی کرکٹ کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل ہے۔