حکومت نے مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف علما کو کھڑا کیا ، حافظ حمد اللہ
اسلام آباد :جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف حکومت نے علما کو کھڑا کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ علما میں کوئی تقسیم نہیں ہے، بلکہ کچھ علما کو ہمارے خلاف کھڑا کیا گیا ہے۔
حافظ حمد اللہ نے مزید کہا کہ ہم دینی مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر حکومت کے ساتھ ایک ماہ تک مذاکرات کرتے رہے۔ 26 ویں آئینی ترمیم اور دینی مدارس رجسٹریشن پر اتفاق ہوا، جس کے بعد بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ پی ڈی ایم کی حکومت کے دوران مدارس رجسٹریشن بل لایا گیا تھا اور بل پارلیمنٹ سے منظور بھی کرایا گیا، تب کسی نے شور نہیں مچایا تھا۔ حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ ہماری ناراضگی کسی عالم دین سے نہیں بلکہ حکومت اور اس کی حمایتی جماعتوں سے ہے۔
جے یو آئی رہنما نے سوال کیا کہ جب یہ بل دونوں ایوانوں سے منظور ہوگیا تو اس پر عمل کیوں روکا گیا؟ ان کا کہنا تھا کہ ہم دینی مدارس کی رجسٹریشن بل کی جنگ پارلیمنٹ میں لڑیں گے اور اس معاملے کو ہر فورم پر اٹھائیں گے۔