لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی
لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہرجانے کے دعوے سے متعلق کیس میں عمران خان کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔ ہائیکورٹ کے جسٹس چودھری محمد اقبال نے عمران خان کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے وزیراعظم کی جانب سے کیے گئے ہرجانے کے دعوے میں عمران خان کی گواہوں کو تحریری گواہی دینے کی اجازت کے خلاف درخواست مسترد کر دی۔
واضح رہے کہ پیر کو ہائیکورٹ میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کے خلاف ہرجانے کے دعوے کے کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی گئی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ ٹرائل کورٹ نے ہتک عزت کے دعوے میں گواہوں کو تحریری گواہی دینے کی اجازت دی جو کہ حقائق کے خلاف ہے، گواہوں کو کمرہ عدالت میں پیش ہو کر گواہی دینی چاہیے۔
عمران خان نے عدالت سے استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، مگر عدالت نے اس درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا۔