ریاست مخالف عناصر اور سہولت کاروں کا خاتمہ ہوگا: آرمی چیف
راولپنڈی:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث افراد، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا، جہاں انہیں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے جوانوں اور افسران سے ملاقات کی اور دہشت گردی کے خلاف ان کی قربانیوں اور ثابت قدمی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوان قوم کے اصل ہیروز ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون سے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک بھر میں امن و استحکام قائم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی ہر شکل کو ختم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کا غیرمتزلزل عزم اور جرات ملک کی خودمختاری اور سلامتی کا ضامن ہے۔
انہوں نے فتنہ الخوارج کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث عناصر، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔