جارح مزاج پاکستانی اوپنر صائم ایوب، آئی سی سی ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے نامزد کرلیا گیا ہے۔
صائم ایوب، جو اپنی جاندار بیٹنگ کے لیے مشہور ہیں، نے دورہ آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقا میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 9 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 515 رنز بنائے۔ ان کی اس کارکردگی میں 3 شاندار سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔
اس ایوارڈ کے لیے دیگر نامزد کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے گس ایٹکنسن، سری لنکا کے کمیندو مینڈس اور ویسٹ انڈیز کے شمر جوزف بھی شامل ہیں۔
گس ایٹکنسن نے 11 میچز میں 52 وکٹیں حاصل کیں، کمیندو مینڈس نے 32 میچز میں 1451 رنز بنائے، جبکہ شمر جوزف نے 8 ٹیسٹ میچز میں 29 وکٹیں لے کر شاندار کارکردگی دکھائی۔
سال 2024 میں آئی سی سی مختلف کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ایوارڈز سے نوازے گا۔ نامزدگیوں کا اعلان 30 دسمبر تک جاری رہے گا، جبکہ ایوارڈز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے نام جنوری 2024 کے آخر میں ظاہر کیے جائیں گے۔
کل 12 کیٹیگریز میں بہترین کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں کو آئی سی سی ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔





















