کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف 194 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جس کے نتیجے میں انہیں 421 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ اس وقت پاکستان کی دوسری اننگز جاری ہے، جہاں کپتان شان مسعود نے سنچری مکمل کی جبکہ بابر اعظم 81 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
کیپ ٹاؤن میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 98 رنز کی شراکت قائم کی، لیکن بابر 58 اور رضوان 46 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
سلمان آغا 19، عامر جمال 15، خرم شہزاد 14 اور میر حمزہ 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب زخمی ہونے کی وجہ سے بیٹنگ کے لیے نہیں آ سکے، جبکہ محمد عباس صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کیگیسو رباڈا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مپاکھا اور کیشو مہاراج نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ ویان مولڈر اور مارکو جینسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرا روز
جنوبی افریقا نے دوسرے دن کا آغاز 4 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز سے کیا۔ ریان رکلٹن نے 259 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور میر حمزہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ دیگر بلے بازوں میں کائل ویرین 100، مارکو جینسن 62، کیشو مہاراج 40، ڈیوڈ بیڈنگھم 5 اور کیوینا مفاکا 0 کے اسکور پر پویلین لوٹے۔
کیگیسو رباڈا 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور سلمان آغا نے 3، 3 جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، جہاں 20 کے مجموعی اسکور پر تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ کپتان شان مسعود 2، کامران غلام 12 اور سعود شکیل 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس وقت بابر اعظم 31 اور محمد رضوان 9 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، اور انہیں 551 رنز کا خسارہ پورا کرنا ہے۔
پروٹیز کی جانب سے کیگیسو رباڈا نے 2 جبکہ مارکو جینسن نے 1 وکٹ حاصل کی۔
پہلا روز
جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلے دن کا کھیل مکمل ہونے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنائے۔ 72 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد جنوبی افریقی اوپنر رائن رکلٹن اور کپتان ٹیمبا بووما کے درمیان 235 رنز کی شراکت نے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔
ریان رکلٹن 176 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور ان کے ساتھ ڈیوڈ بیڈنگھم 4 رنز کے ساتھ ہیں۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کپتان ٹیمبا بووما 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایڈن مارکرم 17، ویان مولڈر 5 اور ٹرسٹن اسٹبس صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان آغا نے 2 جبکہ خرم شہزاد اور محمد عباس نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔