اسلام آباد:عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ احتساب عدالت میں یہ فیصلہ آج سنایا جانا تھا، مگر جج ناصر جاوید رانا کی غیر موجودگی کے باعث سماعت کو مؤخر کر دیا گیا۔
عدالتی عملے نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری کو آگاہ کیا کہ عدالت کی جانب سے فیصلے کی اگلی تاریخ مقرر کی جا رہی ہے۔ بعدازاں، نیب اور ملزمان کے وکلا کو مطلع کیا گیا کہ اب یہ فیصلہ 13 جنوری کو سنایا جائے گا۔
یہ سماعت اڈیالہ جیل کے بجائے جی الیون نیب کورٹ میں ہوئی۔ عدالت نے واضح کیا کہ ملزمان کی موجودگی ضروری ہے، مگر جیل میں حاضری کے انتظامات ممکن نہ ہونے کے باعث سماعت کی تاریخ آگے بڑھا دی گئی۔
جی ایچ کیو حملہ اور سانحہ 9 مئی کے کیسز
دوسری جانب، جی ایچ کیو حملہ اور 9 مئی کے سانحہ سمیت 13 مقدمات کی سماعت بھی ملتوی کر دی گئی۔ جج امجد علی شاہ کی ٹریننگ کی وجہ سے آج اڈیالہ جیل میں کوئی سماعت نہ ہو سکی۔ تمام ملزمان کو آج حاضری سے استثنا دیا گیا اور مقدمات کی سماعت اب 8 جنوری کو ہو گی