خیبرپختونخوا میں 3 مختلف آپریشنز میں 3 جوان شہید، 19 خارجی ہلاک

علاقے میں موجود کسی بھی خارجی کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔آئی ایس پی آر

خیبرپختونخوا میں 3 مختلف آپریشنز میں 3 جوان شہید، 19 خارجی ہلاک کر دیئے گئے ہیں
سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر تین مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں

پشاور:خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیوں کے دوران 19 خوارج کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق، 6 اور 7 جنوری کو خیبرپختونخوا میں تین مختلف کارروائیوں کے دوران 19 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔

بیان میں ذکر کیا گیا کہ خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع پشاور کے علاقے متنی میں کامیاب آپریشن کیا، جہاں خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، اس کارروائی میں 8 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ، خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند کے شہری علاقے بائیزئی میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک اور کارروائی کی جس کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

بائیزئی میں کی گئی اس کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے 8 خوارج کو ہلاک کیا۔

آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ ضلع کرک میں تیسری کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 3 خوارج ہلاک ہوئے۔

بیان کے مطابق، شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جو گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ لانس حوالدار عباس علی، ضلع سکردو کے 37 سالہ نائیک محمد نذیر، اور خیبرپختونخوا کے ضلع اٹک کے 37 سالہ نائیک محمد عثمان ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں موجود کسی بھی خارجی کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو مؤثر طریقے سے ختم کرنے کے عزم میں ہیں، اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین