واشنگٹن:نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے بعد واشنگٹن کے نیشنل کیتھیڈرل چرچ میں تمام مذاہب کی ایک مشترکہ دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں مسلمانوں کی نمائندگی امریکا کی دی نیشنز مسجد کے امام ڈاکٹر محمد فراسر رحیم نے کی۔
تقریب کے دوران ڈاکٹر محمد فراسر رحیم نے قرآن پاک کی سورہ الحدید کی آیات 4 سے 7 کی تلاوت کی۔ ان آیات میں اللہ تعالیٰ کی قدرت، آسمانوں اور زمین کی تخلیق، اور انسان کے اعمال پر اللہ کے علم اور قدرت کا ذکر کیا گیا ہے۔
ترجمہ:
"وہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ دن میں بنایا، پھر عرش پر قائم ہوا۔ وہ جانتا ہے جو زمین میں داخل ہوتا ہے اور جو اس سے نکلتا ہے، جو آسمان سے اترتا ہے اور جو اس میں چڑھتا ہے، اور وہ تمہارے ساتھ ہے جہاں کہیں تم ہو، اور اللہ تمہارے اعمال کو دیکھ رہا ہے۔
آسمانوں اور زمین کی حکومت اسی کی ہے اور سب امور اسی کی طرف لوٹائے جاتے ہیں۔ وہ رات کو دن میں اور دن کو رات میں داخل کرتا ہے، اور دلوں کے راز خوب جانتا ہے۔
اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اور اس مال میں سے خرچ کرو جو اللہ نے تمہیں عطا کیا ہے، پس جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے خرچ کیا، ان کے لیے بڑا اجر ہے۔”
تلاوت کے بعد دی نیشنز مسجد کے مؤذن ڈاکٹر شیخ اکبر شریف نے اذان دی۔
تقریب کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت تمام شرکاء نے قرآن پاک کی تلاوت اور اذان کو مکمل خاموشی اور احترام کے ساتھ سنا۔
یہ دعائیہ تقریب مختلف مذاہب کے مابین ہم آہنگی اور اتحاد کی علامت کے طور پر منعقد کی گئی تھی، جس میں مسلمانوں کی موجودگی نے اسے مزید خاص بنا دیا۔