لاہور:پاکستان پولٹری چکن پیدا کرنے والے دنیا کے آٹھ بڑے ممالک میں شامل ہوگیا ہے، جہاں پولٹری کی صنعت نے گزشتہ دہائی میں شاندار ترقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1056 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری اور سالانہ 7.3 فیصد اوسط شرح نمو حاصل کی۔
ایک تازہ رپورٹ کے مطابق، 2023 میں پولٹری مصنوعات کی برآمدات 2.24 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جب کہ ملک نے اپنی پیداواری ضروریات پوری کرنے کے لیے 1.5 ملین ٹن فیڈ اسٹف، خاص طور پر سویابین، درآمد کیا۔ جنوبی ایشیا میں پاکستان کی پولٹری صنعت بھارت اور بنگلہ دیش کے بعد تیسرے نمبر پر ہے، جب کہ پیداوار کی جدید تکنیکوں اور برآمدی منڈیوں میں وسعت کے ذریعے صنعت نے مزید ترقی کی ہے۔
رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اس شعبے میں مقامی سطح کی پولٹری، بطخیں، اور ان کے چوزے بھی شامل ہیں۔ ملک میں پولٹری گوشت کی مقامی پیداوار کا حصہ تقریباً 40.7 فیصد ہے۔ مزید یہ کہ پاکستان میں زیادہ تر کمرشل پولٹریز برائلر پر مشتمل ہیں، جن کی تقریباً 98 فیصد پیداوار تجارتی سطح پر ہوتی ہے۔